ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبہ شبوہ کے عسیلان نامی علاقے پر بمباری کی ہے۔ اس حملے میں عسیلان سے بیحان جانے والی شاہراہ پر موجود گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں آٹھ عام یمنی شہری شہید ہوگئے۔ واضح رہے کہ بیحان اور عسیلان میں تیل کے عظیم قدرتی ذخیرے موجود ہیں۔ سعودی اتحادی طیاروں نے ان عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کو بھی نشانہ بنایا جو امداد پہنچانے کے لئے پہنچے تھے جس کے نتیجے میں سات امدادی کارکن اور دو عام شہری شہید ہوگئے۔ سعودی لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی رات مارب شہر کے الساق نامی علاقے پر بھی بمباری کی تھی ۔ اس حملے میں دو عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ سعودی فضائیہ نے صوبہ مارب کے بن عقیل پہاڑیوں پر واقع رہائشی مکانات کو بھی نشانہ بنایا تاہم ان حملوں کے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں اب تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے جیزان میں واقع دارالنصر فوجی مرکز پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ کارروائی کے دوران ایک سعودی ٹینک بھی تباہ کردیا گیا۔ رپورٹوں کے مطابق سعودی حکام یمنی فوج کے حملوں میں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد کو چھپا رہے ہے۔ واضح رہے کہ سعودی ذرائع نے صوبہ الحرث کے جیزان علاقے میں ہونے والی جھڑپوں میں، اب تک صرف ایک فوجی کے مارے جانے کا اعتراف کیا ہے۔